اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فضائیہ حلب کے علاقے خان طومان اور اس کے نواحی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کر رہی ہے۔ شامی فضائیہ کی بمباری میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے اور فوجی ساز و سامان تباہ ہو گیا۔ تازہ ترین خبروں میں بتایا گیا ہے کہ شامی فوج نے حلب کے قریب واقع دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ کے ہتھیاروں کے گودام اور بم بنانے کے ایک کارخانے کو بھی تباہ کر دیا۔ اس سے قبل شامی فوج نے منگل کے روز حلب کے محلے فرافرہ کو دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل آزاد کرا لیا تھا۔ شامی فوج نے گذشتہ ہفتے مشرقی حلب میں بڑے فوجی آپریشن کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد دہشت گردوں کے زیر قبضہ علاقوں کو آزاد کرانا ہے۔ واضح رہے کہ ترکی کی سرحد کے قریب واقع حلب شہر سن دو ہزار بارہ سے دو حصوں میں تقسیم ہے اور اس کے بعض علاقوں پر دہشت گردوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ شامی فوج نے رواں سال کی سترہ جولائی سے دہشت گردوں کے زیر قبضہ علاقوں کو اپنے محاصرے میں لے رکھا ہے۔ درایں اثنا صوبہ حمص کے مشرقی نواحی علاقے میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش اور شامی فوج کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ لڑائی، شاعر فارم اور آرک کے اطراف کے علاقوں میں ہو رہی ہے جس میں درجنوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ شام کو سن دو ہزار گیارہ سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں چار لاکھ افراد مارے جا چکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲